تجھے کھو کر بھی تجھے پاؤں جہاں تک دیکھوں
حُسن ِیزداں سے تجھے حُسن ِبُتاں تک دیکھوں
دل گیا تھا تو یہ آنکھیں بھی کوئی لے جاتا
میں فقط ایک ہی تصویر کہاں تک دیکھوں
صرف اس شوق میں پوچھی ہیں ہزاروں باتیں
میں تیرا حُسن تیرے حُسن ِبیاں تک دیکھوں
تو نے یوں دیکھا ہے جیسے کبھی دیکھا ہی نہ تھا
میں تو دل میں تیرے قدموں کے نشاں تک دیکھوں
رُک ہی جاتی ہے نظر حدِ نظر تک ورنہ
دل تو کہتا ہے جہاں تم ہو وہاں تک دیکھوں
No comments:
Post a Comment